باب نمبر 11: تحاریک التوائے کار

باب11

 

 

 

 

تحاریک التوائے کار

 

80۔ سپیکر کی اجازت۔  قواعد ہذا کے احکامات کے تابع کسی ایسے مخصوص معاملے پر جو فوری اہمیت عامہ کا حامل ہو، بحث کرنے کی غرض سے اسمبلی کی کارروائی کے التواء کی تحریک سپیکر کی اجازت سے پیش کی جا سکتی ہے۔

 

81۔ تحریک کا نوٹس۔  قاعدہ 80 کے تحت کسی تحریری نوٹس کی تین نقول اس اجلاس، جس میں ایسا مسئلہ اٹھانا مطلوب ہو، کے آغاز سے کم از کم ایک گھنٹہ پیشتر سیکرٹری کو دی جائیں گی اور نوٹس موصول ہونے پر سیکرٹری، نوٹس کو سپیکر، وزیر قانون و پارلیمانی امور اور متعلقہ وزیر کے علم میں لائے گا۔

 

82۔ تحریک التوا پیش کرنے کے حق پر قیود۔  باوجود اس امر کے کہ قواعد ہذا میں کچھ اور مذکور ہو، کسی بھی دن ایک سے زائدتحریک التوائے کار پیش نہیں کی جائے گی لیکن ایسی تحاریک،اگرکوئی ہوں،جنہیں پیش کرنے کی اجازت دینے کے بارے میں غور نہ ہوا ہو، اگلے روز تک ملتوی کر دی جائیں گی اور ان پر ان تحاریک سے پیشتر، جن کے نوٹس بعد میں موصول ہوئے ہوں، اس ترتیب سے غور کیا جائے گا جس ترتیب سے وہ موصول ہوئے ہوں۔

 

83۔ تحریک کے قابل اجازت ہونے کی شرائط۔  اس وقت تک کوئی تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ ہو گی جب تک وہ درج ذیل شرائط پر پوری نہ اترے۔یعنی۔

(اے)  اس میں فوری اہمیت عامہ کا کوئی مسئلہ اٹھایا گیا ہو؛

(بی)  اس میں کوئی واحد حقیقی معاملہ اٹھایا گیا ہو؛

(سی)  یہ حال ہی میں وقوع پذیر ہونے والے کسی معاملے سے متعلق ہو؛

(ڈی)  اس میں ایسا معاملہ نہ دہرایا گیا ہو جس کے بارے میں سپیکر تحاریک پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر چکا ہو یا جو ناقابل منظوری قرار پا چکی ہوں، یا ایوان ان کو پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر چکا ہو یا ایوان ان پر پہلے ہی بحث کر چکا ہو؛

(ای)  یہ کسی ایسے معاملے سے متعلق نہ ہو جس پر بحث و مباحثے کے لئے پہلے ہی تاریخ مقرر ہو چکی ہو؛

(ایف)  یہ کسی ایسے معاملے کے بارے میں ہو جس کا تعلق بنیادی طور پر حکومت یا حکومت کے زیر انتظام کسی آئینی ادارے سے ہو یا یہ کسی ایسے معاملے کے بارے میں ہو جس سے حکومت کا کافی حد تک مالی مفاد وابستہ ہو؛

(جی)  اس میں دلائل، استنباط، طنزیہ جملے یا ہتک آمیز بیانات شامل نہ ہوں؛

(ایچ)  اس میں کسی شخص کے کردار، یا رویے کا حوالہ، ماسوائے اس کی سرکاری یا عوامی حیثیت کے نہ دیا گیا ہو؛

(آئی)  یہ کسی ایسے مسئلے سے متعلق نہ ہو جس کے بارے میں قرار داد پیش نہ کی جا سکتی ہو۔

(جے)  یہ کسی مسئلہ استحقاق سے متعلق نہ ہو؛

(کے)  یہ کسی ایسے معاملے سے متعلق نہ ہو جو مفروضے پر قائم ہو؛

(ایل)  یہ ایسے معاملات سے متعلق نہ ہو جو صرف قانون سازی کے ذریعے ہی حل کئے جا سکتے ہوں؛

(ایم)  اس میں کوئی ایسا مواد نہ ہو، جس سے ایسی بحث چھڑ جائے جو عوامی مفاد کے منافی ہو؛

(این)  یہ کسی ایسے معاملے سے متعلق نہ ہو جو عدالت میں زیر سماعت ہو؛ اور

(او)  یہ کسی ایسے دن پیش نہیں کی جائے گی جو۔

(i) بجٹ یا ضمنی بجٹ پر عام بحث کے لئے مقرر کیا گیا ہو؛

(ii) مسودہ قانون مالیات پر غور یا اس کی منظوری کےلیے مقرر کیا گیا ہو؛

(iii) عام انتخابات کے بعد اراکین کی عمومی حلف برداری کے لئے مقرر کیا گیا ہو؛

(iv) سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب  کے لئے  مقرر کیا گیا ہو؛

(v) وزیر اعلیٰ پر اعتماد کے ووٹ کے لئے قرار داد پیش کرنے کے لئے مقرر کیا گیا ہو؛

[1] (vi)] وزیر اعلٰی کے انتخاب کے لئے  مقرر کیا گیا ہو؛[

(vii) سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد پیش کرنے، غور کرنے اور اس پر رائے شماری کے لئے مقرر کیا گیا ہو؛

(viii) گورنر کے خطاب کے لئے مقرر کیا گیا ہو۔

 

84۔ تحریک پیش کرنے کے لئے اجازت طلب کرنا۔ تحریک التوائے کار پیش کرنے کی اجازت، وقفہ سوالات اور تحاریک استحقاق کے بعد ، اگر کوئی ہوں، لیکن فہرست کارروائی کے آغاز سے قبل، صرف وہ رکن طلب کرے گا جس نے اس کا نوٹس دیا ہو۔

 

[2] ]84اے ۔تحاریک کی تعداد اور جواب کا طر یق کار:۔ (1)  کوئی رکن  کسی نشست  کے دوران  ایک سے زائد  تحریک التوائے کار پیش نہیں کرے گا  لیکن اس شرط  کا  اطلاق کسی گذشتہ نشست  میں پیش کردہ کسی ایسی  تحریک  پر نہ ہوگا  جو متعلقہ  وزیر یا پارلیمانی  سیکرٹری  کی درخواست  پر جواب کےلئے  زیر التواء  رکھی گئی ہو ۔

(2)  تحریک التوائے کار پیش  کئے جانے  کے بعد  یا کسی مابعد نشست میں جس کے لئے تحریک کو ملتوی کیاگیا ہو متعلقہ  وزیر  یا پارلیمانی  سیکرٹری  تحریک  کا جواب دے گا۔[

 

][3]85۔ طریق کار  (1) اگر سپیکر کی رائے  یہ ہو کہ وہ معاملہ جسے  تحریک التوائے کار  میں زیر بحث  لانے کی تجویز  پیش کی گئی ہے ،باضابطہ  ہے تو وہ  اسے اسمبلی  کے ووٹ  کےلئے پیش  کرے  گا کہ ’’تحریک التوائے کار  پر بحث  کی اجازت  دی جائے ‘‘ جس کا فیصلہ حاضر اور ووٹ ڈالنے والے  اراکین  کی اکثریت   سے  کیا جائے گا ۔

(2) اگر تحریک التوائے کارپر بحث  کی اجازت حاصل ہو جائے  ،تو سپیکر اعلان  کرے گا کہ تحریک التوائے کار  اسی دن کے  اجلاس  میں جسے سپیکر متعین کرے ، زیادہ سے زیادہ  دوگھنٹے  کےلئے زیر بحث   

لائی جائے گی :

مگر شرط  یہ ہے کہ سپیکر ازخود  یاکسی رکن  کی جانب سے پیش کردہ  تحریک  پر اس دن   اسمبلی

 اجلاس  کا وقت دوگھنٹے  تک بڑھا سکتا ہے ۔

(3) سپیکر  کے متعین کردہ  دن بحث کے اختتام  پراگر محرک  مطمئن ہو تو تحریک  التواء کار نمٹائی گئی  تصور کی جائے گی، تاہم اگر محرک  مطمئن  نہ ہو تو سپیکر ازخود  یا کسی رکن کی تحریک پروہ   تحریک  التواء  کار غوروخوض اور رپورٹ  کرنے  کے لئے کسی  کمیٹی   کے سپرد کرسکتا ہے ۔[

 

86۔ تحریک کے قابل اجازت ہونے پر غور کے لئے وقت کی حد:۔ کسی بھی اجلاس میں قاعدہ 84 کے تحت اجازت طلب کرنے اور قاعدہ 85 کے تحت اجازت دینے یا نہ دینے، جیسی بھی صورت ہو، کے لئے کل وقت نصف گھنٹے سے زائد نہ ہو گا۔

 

87۔ سوال پیش کرنا:۔  حال ہی میں وقوع پذیر ہونے والے اور فوری اہمیت عامہ کے حامل کسی مخصوص معاملے پر بحث کرنے کے لئے تحریک التوا کے متعلق صرف یہ سوال پیش کیا جائے گا کہ اسمبلی کی کارروائی اب ملتوی کر دی جائے لیکن ایسا کوئی سوال تحریک پر بحث کا وقت گزر جانے کے بعد پیش نہیں کیا جائے گا۔

 

88۔ تقاریر کے لئے وقت کی حد:۔  تحریک التوا پر بحث کے دوران کسی تقریر کے لئے دس منٹ سے زیادہ وقت نہیں دیا جائے گا:

مگر شرط یہ ہے کہ محرک اور متعلقہ وزیر یا پارلیمانی سیکرٹری بیس منٹ تک تقریر کرنے کے مجاز ہوں گے۔

 



[1]   بذریعہ نوٹیفکیشن نمبرPAP/Legis-1(27)/08/397،شائع شدہ پنجاب گزٹ (غیر معمولی)،مورخہ12مئی 2011، صفحات38765-69،درج   ذیل کی جگہ تبدیل  کی گئی:

            ’’(vi)آئین کے آرٹیکل  130 کی ضمن  (2اے )کے تحت تیقن کے لئے مقرر کی گئی ہو؛‘‘

 

[2]  بذریعہ نوٹیفکشن نمبرPAP/Legis-1(15)/2013/1380،شائع شدہ  پنجاب گزٹ(غیر معمولی)،مورخہ 22فروری 2016، صفحات    3937-44،نیا قاعدہ ایزاد کیا گیا ۔

[3]  بذریعہ نوٹیفکیشن  نمبرPAP/Legis-1(28)/2018/2379،شائع شدہ پنجاب گزٹ(غیر معمولی)،مورخہ 11نومبر2020،صفحات3109 تا3112، درج ذیل کی جگہ تبدیل کیا گیا:

85۔ طریق کار۔ (1)  اگر سپیکر کی رائے یہ ہو کہ وہ معاملہ جسے زیر بحث لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے باضابطہ ہے، تو وہ بیان پڑھ کر اسمبلی کو سنائے گا اور دریافت کرے گا کہ آیا رکن کو تحریک التوا پیش کرنے کی اجازت ہے اور اگر اعتراض اٹھایا جائے تو سپیکر ایسے اراکین سے جو اجازت دئیے جانے کے حق میں ہوں اپنی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہونے کی درخواست کرے گا۔

(2) اگر اپنی سیٹوں پر کھڑے ہونے والے اراکین کی تعداد اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد کے 1/6سے کم ہو تو سپیکر اس رکن کو مطلع کرے گا کہ اسے اسمبلی کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی۔

(3) اگر اتنے اراکین جن کی تعداد اسمبلی کے کل اراکین کے 1/6سے کم نہ ہو، کھڑے ہو جائیں تو سپیکر یہ اعلان کرے گا کہ اجازت دے دی گئی ہے اور یہ تحریک، اجازت دئیے جانے کے بعد اسی اجلاس میں تین دنوں کے اندر اندر، جتنا جلد ممکن ہو، سپیکر کی جانب سے مقرر کردہ کسی دن اتنے وقت کے لئے جو دو گھنٹے سے زائد نہ ہو، زیر بحث لائی جائے گی:

مگر شرط یہ ہے کہ سپیکر اپنی مرضی سے یا کسی رکن کی جانب سے پیش کردہ تحریک پر کسی ایسے دن اسمبلی کے اجلاس کے وقت میں دو گھنٹے کی توسیع کر سکتا ہے۔

ایوان

سیکریٹیریٹ

اراکین

کمیٹیاں

ایوان کی کارروائی

مرکز اطلاعات

رپورٹیں اورمطبوعات