پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان جنرل (ر)پرویزمشرف کے بطور صدر غیرآئینی اور غیرقانونی اقتدار کے خاتمے پر پوری قوم اور صوبہ پنجاب کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور قرار دیتا ہے کہ جنرل (ر)پرویزمشرف کے اقتدار کے خاتمے کے ساتھ ہی پاکستان سے آمریت ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوگئی ہے۔ یہ ایوان پوری قوم اور پنجاب کے عوام کو ایک جمہوری، فلاحی پاکستان کی نوید دیتا ہے اب پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات اور خواب کی تعبیر بن کر دنیا میں پورے وقار کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان آج آمریت کے طویل سیاہ دور میں جدوجہد کرنے، قیدوبند اور تشدد کی صعوبتیں برداشت کرنے والے تمام سیاسی کارکنوں، راہنماؤں، سول سوسائٹی، وکلاء برادری، صحافی برادری اور میڈیا کے ارکان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان آمریت کے سامنے کلمہ حق کہنے اور ڈٹ جانے والے اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کے کردار کو بھی سلام پیش کرتا ہے۔یہ ایوان اس مرحلہ پر قوم کی صحیح رہنمائی کرنے اور 18فروری2008 کے عوامی مینڈیٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر تمام سیاسی قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور بالخصوص میاں محمد نوازشریف، جناب آصف علی زرداری، میاں محمد شہبازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب، کے کردار کو سراہتا ہے۔ یہ ایوان محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کو سلام پیش کرتا ہے اور قرار دیتا ہے کہ محترمہ بےنظیربھٹو سمیت راہِ جمہوریت میں خون کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کا لہو آج رنگ لایا ہے۔ یہ ایوان اس امر کا عہد کرتا ہے کہ پاکستانی قوم اور پنجاب کے عوام کے بہتر، خوشحال اور جمہوری مستقبل کیلئے پوری ایمانداری، لگن اور جوش و جذبہ سے بھرپور جدوجہد کرے گا۔ اللہ تبارک و تعالیٰپاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔